صوبے مہنگائی کم کرائیں وزیراعظم : آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرزکا دورہ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیرِ اعظم عمران خان نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ ، وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف کے ہمراہ آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ لیفٹنٹ جنرل فیض حمید نے ہیڈ کوارٹرز آئی ایس آئی آمد پر وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔ اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم کو پیچیدہ علاقائی اور داخلی چیلنجز کے ساتھ امن کی بحالی کے لئے پاکستانی کاوشوں کے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے اس امر پر زور دیا کہ ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے آئی ایس آئی کی قربانیوں اور انتھک کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا۔
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک نہ پہنچنے کا سخت نوٹس لیا ہے اور وزرائے اعلی، چیف سیکرٹریزکوقیمتوں وکرایوں میں کمی کے معاملات خود مانیٹرکرنے کی ہدایت کردی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ صوبائی حکومتیں مہنگائی کے خلاف کسی بھی قسم کے سخت ایکشن سے گریز نہ کریں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں سامنے آنے چاہیئں۔وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کی بجائے اضافہ کے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ انہوں نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا ہے کہ وزراء اعلیٰ اور چیف سیکرٹریز اس معاملہ کو ذاتی طور پر دیکھیں۔ بدھ کو وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ اور نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کو کہا گیا ہے کہ اس بات کی کوئی منطق نہیں ہے کہ جب حال ہی میں گندم کی کٹائی ہوئی ایسے میں آٹے کی قیمتیں کیسے بڑھ گئیں۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ صوبوں کے وزراء اعلیٰ اور چیف سیکرٹریز خود اس معاملہ کو دیکھیں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر نظر آنے چاہئیں۔ صوبائی حکومتیں روزانہ کی بنیاد پر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو مانیٹر کریں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچائیں۔ وزیر اعظم نے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ نیشنل پرائس کنٹرول کمیٹی بھی وفاقی کابینہ کی ہدایات کی روشنی میں ہفتہ وار بنیادوں پراشیاء ضروریہ کی قیمتوں کی مانیٹرنگ کرے اور قیمتوں میں کمی کے حوالے سے لائحہ عمل بنائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومتیں مہنگائی کے خلاف کسی بھی قسم کے سخت ایکشن سے گریز نہ کریں۔اس متعلق وزیراعظم نے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کو ہفتہ وار بنیادوں پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔ دوسری جانب وزیراعظم آفس کی جانب سے صوبوں کے وزرائے اعلی، چیف سیکرٹریز اور چیئرمین نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کو مراسلہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔ مراسلے کے مطابق گزشتہ مہینوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی آئی ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے بجائے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، حال ہی میں گندم کٹائی مکمل ہوئی، آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس کے باعث انڈسٹری کی زبوں حالی پر نوٹس لیتے ہوئے صنعتوں کی بحالی کا پلان طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وزارت صنعت و پیداوار سے انڈسٹری کی بحالی کا پلان طلب کر لیا ہے ، انڈسٹری کی صورتحال کے حوالے سے وزیر اعظم کو آج وزارت صنعت اور معاشی ٹیم کے ارکان بریفنگ دیں گے جس میں تمام صنعتوں کی بحالی کا پلان پیش کیا جائے گا ، بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو کرونا کی وجہ سے متاثرہ صنعتوں کو دیے گئے پیکج کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم کی جانب سے بریفنگ کے بعد انڈسٹریز سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک منتقل نہ ہونے پر وزیراعظم عمران خان نے سخت نوٹس لیتے ہوئے وزرائے اعلی، چیف سیکرٹریزکو قیمتوں وکرایوں میں کمی کے معاملات خود مانیٹر کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ وفاقی حکومت نے ملک میں کرونا کیسز کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر سمارٹ لاک ڈاؤن میں سختی کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت ملک میں کرونا وائرس کی صورتحال پر اجلاس ہوا، جس میں لاک ڈاؤن سخت کرنے کے آپشن پر غورکیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں عوام کو کرونا سے بچانے کے لئے ضابطہ اخلاق پرعمل کرانے کی تلقین کی جائے گی، چاروں صوبوں اورآزاد کشمیرگلگت بلتستان کی سیاسی قیادت عوام کو ایس او پیز پر عملدرآمد کی تلقین کرے گی۔