ایل او سی پر بھارتی فائرنگ‘ 3 خواتین زخمی‘ کئی مکان تباہ‘ پاک فوج کی بھرپور کارروائی۔ 13 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل پر تشویش‘ پاکستان کا عالمی برادری سے بھارت کو سنگین جرائم سے روکنے پر زور۔
مقبوضہ کشمیر میںبھارتی درندگی سے مزید2 شہید کردیئے گئے جبکہ میتیں دینے اور شناخت سے انکار کیا جارہا ہے۔ اسکے علاوہ جھڑپوں میں‘ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ بھارتی درندگی روزبروز حد سے بڑھتی جارہی ہے۔ عالمی برادری کے بارہا نوٹس لینے اور تنبیہہ کے باوجود بھارت اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہے۔ وہ روزانہ کی بنیاد پر پاکستان کے ساتھ سرحدی کشیدگی میں اضافہ کررہا ہے۔ گزشتہ روز بھی اس نے ایل او سی پر فائرنگ کرکے 3 خواتین کو زخمی اور کئی مکانات تباہ کردیئے جبکہ اس سے ایک روز قبل مقبوضہ کشمیر میں 13 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔ پاکستان بارہا عالمی برادری اور عالمی قوتوں سے بھارت کی بربریت کا نوٹس لینے پر زور دیتا رہا ہے لیکن اب عالمی طاقتیں بھی بھارتی ہٹ دھرمی کے سامنے بے بس نظر آتی ہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان متعدد بار بھارت کی طرف سے فالس فلیگ اپریشن کے خدشات کا اظہار کرچکے ہیں۔ اب لگتا ہے کہ بھارت ایسی کوئی حماقت کر سکتا ہے جس کے توڑ کیلئے پاکستان ہمہ وقت تیار ہے جس کے بعد کا منظر نامہ بھیانک ہو سکتا ہے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ ایسی نوبت نہ آنے دے۔ اس وقت جب بھارتی جنونیت کے باعث دو ایٹمی قوتوں کے مابین جنگ کے امکانات بڑھتے جارہے ہیں ‘ عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔ امریکہ کا بیجنگ کی بھارت سے کشیدگی کو چینی جارحیت قرار دینا بھی معنی خیز ہے جس سے یہی عندیہ ملتا ہے کہ بھارت امریکی آشیرباد سے ہی اس خطہ میں تباہی کا اہتمام کررہا ہے۔ اگر بھارت کو اسکی جنونیت سے باز نہ رکھا گیا اور عالمی برادری اور عالمی قوتیں اسی طرح خاموشی اختیار کئے بیٹھی رہیں تو بھارت اپنے پڑوسیوں کے ساتھ چھیڑچھاڑ میں جس نہج پر پہنچ چکا ہے‘ اس سے خطہ کی تباہی کو کوئی نہیں روک سکتا۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024