فلسطینی نرس کا قتل اسرائیلی ریاست کے ماتھے پر بدنما داغ ہے, امریکا اور اسرائیل دونوں کے ہاتھ بے گناہ فلسطینیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں:ایران
تہران : ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ فلسطینی نرس کا قتل اسرائیلی ریاست کے ماتھے پر بدنما داغ ہے ، امریکا اور اسرائیل دونوں کے ہاتھ بے گناہ فلسطینیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی فلسطینیوں کو مرہم پٹی کرتے ہوئے ایک جواں سال فلسطینی نرس کی شہادت پر اسرائیل کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ نہتی فلسطینی نرس کا قتل اسرائیلی ریاست کے ماتھے پر بد نما داغ ہے ۔ ایک نہتی فلسطینی دو شیزہ کو زخمیوں کی طبی امداد کرتے ہوئے شہید کرنا صہیونی ریاست کے مسلسل جرائم میں ایک نئے جرم کا اضافہ ہے،قابض فوج کی فائرنگ سے جواں سال نرس رزان النجار کی شہادت نے صہیونی ریاست کا مکروہ اور سفاک چہر ہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا ۔انہوں نے امریکا کی جانب سے فلسطینیوں کی حمایت میں کویت کی پیش کی گئی قرارداد کو سلامتی کونسل میں ویٹو کرنے پر امریکا کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ امریکا اور اسرائیل دونوں کے ہاتھ بے گناہ فلسطینیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رزان النجار کی شہادت اسرائیلی ریاست کے ماتھے پر بدنما داغ اور اسرائیلی رذائل کی طویل فہرست میں ایک اور اضافہ ہے۔خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں زخمی مظاہرین کو ایک احتجاجی کیمپ میں طبی امداد فراہم کرنے والے فلسطینی دو شیزہ کو اسرائیلی فوجیوں نے نشانہ بنا کر شہید کردیا تھا جس پر فلسطین بھر میں شدید غم وغصے کی لہر دوڑ گئی ۔