ملک بھر میں کاغذات نامزدگی کا اجرا ءشروع ،کاغذات نامزدگی 8 جون تک حاصل اورجمع کرائے جائیں گے
اسلام آباد: ملک بھرکے ریٹرننگ افسران نے کاغذات نامزدگی کا اجرا ءشروع کردیا۔ کاغذات نامزدگی 8 جون تک حاصل اورجمع کرائے جائیں گے جوصبح 8 بجے سے دن 4 بجے تک حاصل کیے جاسکیں گے۔ کاغذات نامزدگی اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہیں جس کی فیس 100 روپے ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی سیکیورٹی فیس 30 ہزارروپے رکھی گئی ہے جب کہ صوبائی اسمبلی کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی سیکیورٹی فیس 20 ہزارروپے رکھی گئی۔ ایک چوتھائی سے کم ووٹ حاصل کرنے کی صورت میں فیس ضبط کرلی جائے گی۔ آٹھ جون کو ہی امیدواروں کی لسٹ آویزاں کی جائینگی۔الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسروں کی طرف سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال چودہ جون تک کی جائے گی، ریٹرننگ افسروں کے فیصلے کے خلاف اپیلیں انیس تاریخ تک دائر کی جاسکیں گی جبکہ اپیلیٹ ٹریبونل ان اپیلوں پر فیصلہ اس ماہ کی چھبیس تاریخ تک کریں گے۔امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست ستائیس تاریخ کو آویزاں کی جائے گی جبکہ امیدوار اس ماہ کی اٹھائیس تاریخ تک اپنے نام واپس لے سکیں گے اوراسی دن امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو انتخابی نشانات اس ماہ کی انتیس تاریخ کو دیئے جائیں گے۔واضح رہے کہ لاہورہائیکورٹ نے الیکشن کے کاغذات نامزدگی کالعدم قراردے دیے تھے جس کے بعد الیکشن کمیشن اوراسپیکراسمبلی ایاز صادق نے لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائرکی، سپریم کورٹ نے اپیل منظورکرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قراردے دیا تھا۔