چین: پولٹری فارم میں خوفناک آتشزدگی سے 120 افراد ہلاک
بیجنگ (اے ایف پی + آن لائن) چین کے صوبہ جیلین میں پولٹری پلانٹ میں آتشزدگی سے 112 افراد ہلاک ہو گئے۔ ملک کی سرکاری خبررساں ایجنسی سنہوا کے مطابق صوبہ جیلین کے دیہی علاقے میں مرغیوں کے ایک ذبح خانے میں پیر کو آگ لگی۔ خبررساں ادارے نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ امدادی کارکن جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور آگ پر ابھی تک قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ حکام ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بجلی کے نظام میں تین دھماکوں کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ سو کے قریب کارکن آگ کی جگہ سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ’عمارت کی پیچیدہ ساخت اور باہر جانے کے لئے تنگ راستوں کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ عمارت کے اندر پھنسے ہوئے لوگوں کی تعداد کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا جبکہ آگ لگنے کی وجہ معلوم ہونے کے لئے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ اس پلانٹ میں ایک ہزار سے زائد افراد کام کرتے ہیں۔ مقامی ٹی وی سی سی ٹی وی کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے بم دھماکوں کی آوازیں سنیں اور شبہ ہے دھماکے امونیا گیس کے اخراج کے باعث ہوئے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق زخمیوں کی تعداد 54 بتائی گئی ہے۔