دستی نے موروثی سیاست کے خاتمہ کے نام پر عوام کو بیوقوف بنایا: ڈاکٹر ساجد
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) مزدور اتحاد گروپ مظفرگڑھ کے پینل امیدوار صوبائی حلقہ پی پی 252 ڈاکٹر ساجد محمود اشرف نے کہا ہے کہ جمشید دستی نے قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 177 چھوڑ کر اس حلقہ کے بزرگوں‘ نوجوانوں‘ مزدوروں‘ کسانوں‘ طلبا سمیت غریب عوام کو دھوکہ دیا ہے جمشید دستی نے یہ حلقہ چھوڑ کر اس حلقہ کی عوام کی محبت و عزت افزائی کی قدر نہیں کی۔ وعدوں کی خلاف ورزی اور عوام کو دیئے گئے حلف کی خلاف ورزی غریب عوام کو دھوکہ دیا جس سے اختلاف کرتا ہوں۔ ملتان پولیس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ساجد محمود اشرف نے کہا کہ حلقہ این اے 177 کی نشست مزدور اتحاد گروپ نے تین سالہ مسلسل جدوجہد اور وڈیروں کے خلاف عوامی بغاوت کے نتیجہ میں حاصل ہوئی مگر جمشید دستی نے حاصل کی گئی منزل کو اتنی بے قدری کے ساتھ ٹھکرا کر کاروان محبت میں شامل ہزاروں کسانوں‘ مزدوروں‘ نوجوانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے انہوں نے کہا کہ جمشید دستی نے حلقہ چھوڑنے بارے مخلص کارکنوں اور دوستوں سے مشاورت کی بجائے مفاد پرست سیاسی دکانداروں کے مشورہ پر عمل کیا جو ان کی سیاست پر برے اثرات مرتب کریگا۔ غریبوں کے جذبات مجروح کرنیوالے کو مکافات عمل کے نتیجہ میں کسی سیاسی جماعت نے قبول نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں‘ مزدوروں کے نام پر سیاست کرنیوالے جمشید دستی نے ضمنی الیکشن کیلئے کسی غریب ‘ مزدور کی بجائے اپنے بھائی کو امیدوار نامزد کر کے عوام کی آنکھیں کھول دی ہیں کہ اس نے موروثی سیاست کے خاتمہ کے نام پر عوام کو کس طرح بے وقوف بنایا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ این اے 177 کے ضمنی الیکشن میں خود الیکشن لڑنے یا کسی امیدوار کی حمایت کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ اس بارے فیصلہ گروپ کی مشاورت سے کیا جائیگا۔