تحریک انصاف، (ق) لیگ نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے محمود الرشید کو نامزد کر دیا
لاہور (خصوصی رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف اور ق لیگ نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کےلئے میاں محمود الرشید کو امیدوار نامزد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں اپوزیشن کے امیدواروں کی حمایت نہ کرکے مایوس کیا ہے۔ رانا ثناءاللہ جس اپوزیشن کو ننھی منی کہتے ہیں وہی اپوزیشن پنجاب اسمبلی میں صوبے کے عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرے گی‘ اپوزیشن تعداد میں کم سہی لیکن کردار میں سب سے بڑی ہو گی‘ پنجاب میں عوامی حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے جسے ہر صورت پورا کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر میاں محمود الرشید‘ ق لیگ کے پارلیمانی لیڈر چوہدری مونس الٰہی سپیکر کے امیدوار سردار راجہ راشد حفیظ نے پنجاب اسمبلی کے ایوان اور اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ اپوزیشن میں تعداد کو نہیں کارکردگی کو دیکھا جاتا ہے ‘آج اپوزیشن کو ننھی منی کہنے والے رانا ثناءاللہ خود پنجاب اسمبلی میں شیر خواراپوزیشن کا اُس وقت حصہ رہے ہیں جب پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کی تعداد صرف 13تھی۔ ہم پنجاب اسمبلی میں بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔ وزارت اعلیٰ کے امیدوار کیلئے ق لیگ نے میری حمایت کی ہے۔ میں وزارت اعلیٰ کے انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شہباز شریف کا مقابلہ کروں گا۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں حصہ لینا جمہوری عمل تھا اور وزارت اعلیٰ کے انتخاب میں بھی جمہوری انداز میں حصہ لے رہے ہیں۔ چودھری مونس الٰہی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں تحریک انصاف اور (ق) لیگ کے امیدوار کی حمایت نہ کرکے ہمیں مایوس کیا۔ ہم نے سپیکر پنجاب اسمبلی سے کہا ہے کہ وہ ہمیں صرف ایوان میں بات کرنے کا موقع دیں ہم بھرپور اپوزیشن کریں گے مخالفت برائے مخالفت کی بجائے جہاں حکومت کی کوئی کوتاہی ہو گی وہاں صرف نشاندہی کریں گے۔ سپیکر کے امیدوار راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ اپوزیشن چھوٹی ہو یا بڑی اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہم تعداد میں کم سہی لیکن کردار میں سب سے بڑی اپوزیشن ہونگے پنجاب اسمبلی کا ایوان دیکھے گا کہ موجودہ اپوزیشن ماضی کی اپوزیشن سے بالکل مختلف ہو گی۔