ہائیکورٹ میں پسند کی شادی کرنیوالی لڑکی کو رشتہ داروں کی اغوا کی کوشش سکیورٹی اہلکاروں نے ناکام بنا دی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ میں پسند کی شادی کرنے والی جواں سال لڑکی کو اس کے رشتہ داروں نے اغوا کرنے کی کوشش کی تاہم ہائیکورٹ کے سکیورٹی اہلکاروں نے لڑکی کو اپنی تحویل میں لیکر کوشش ناکام بنا دی۔ گذشتہ روز عابدہ پروین اپنے خاوند عمران کے حق میں بیان دینے عدالت آئی کہ اسے کسی نے اغوا نہیں کیا بلکہ اس نے پسند کی شادی کی ہے۔ عدالت سے باہر نکلنے پر لڑکی کے رشتہ داروں نے اغوا کی کوشش کی تاہم لڑکی کی چیخ و پکار اور اس کے خاوند کی مزاحمت پر سکیورٹی اہلکار بروقت موقع پر پہنچے اور انہوں نے لڑکی کو تحویل میں لے کر اس کے خاوند کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی۔