الیکٹرانک ووٹنگ کے ذریعے انتخابات کو مزید شفاف بنایا جا سکتا ہے : چیئرمین نادرا
الیکٹرانک ووٹنگ کے ذریعے انتخابات کو مزید شفاف بنایا جا سکتا ہے : چیئرمین نادرا
لاہور (عاطف پرویز / وقت نیوز) چیئرمین نادرا طارق ملک کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ کے ذریعے انتخابات کو مزید شفاف بنایا جا سکتا ہے، اگر الیکشن کمشن آئندہ بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ کے ذریعے کرائے تو نادرا چھ ماہ میں الیکٹرانک ووٹر لسٹیں تیار کر سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”وقت نیوز“ کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس سے قبل انہوں نے نوائے وقت گروپ کے ایڈیٹر انچیف مجید نظامی سے ملاقات بھی کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔ طارق ملک کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے دوران نادرا کا کردار کلیدی رہا، شفاف ووٹرز لسٹوں کی تیاری پر آزاد اور بین الاقوامی تجزیہ کاروں نے نادرا کی تعریف کی۔ انہوں نے بتایا کہ ساڑھے پانچ کروڑ افراد نے اپنا ووٹ چیک کرنے کے لئے ایس ایم ایس کی سہولت استعمال کی۔ چیئرمین نادرا کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشن نے انتخابات میں دھاندلی کی شکایات سننے کے لئے ستائیس ٹربیونل بنائے تاہم ابھی تک کسی نے بھی نادرا سے رابطہ نہیں کیا۔ انگوٹھوں کے نشانات سے ووٹرز کی تصدیق ہو سکتی ہے جس سے لوگوں کا الیکشن کمشن اور نادرا پر اعتماد مزید مضبوط ہو گا۔ چیئرمین نادرا کا کہنا تھا کہ اس وقت نو کروڑ چونتیس لاکھ افراد کو شناختی کارڈ جاری کر دئیے جو بالغ آبادی کا 69 فیصد بنتا ہے۔ سکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے ملک کے تمام لینڈ بارڈرز اور ایئر پورٹس پر بائیو میٹرکس سسٹم لگا دیا گیا جس کے ذریعے روزانہ تیس ہزار افراد کی سکریننگ کی جاتی ہے۔ دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے سکیورٹی اداروں اور حکومت کی ہرممکن مدد کر رہے ہیں۔ طارق ملک کہا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں جو غلطیاں ہوئیں ان کو جلد دور کر لیں گے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے الیکشن کمشن نے نادرا سے ووٹر لسٹیں تیار کرنے کی درخواست کی جس میں وہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ کی سہولت بھی دیں گے۔ چیئرمین نادرا کا کہنا تھا کہ حکومت نے انگوٹھوں کے ذریعے ووٹرز کی تصدیق کے لئے سسٹم تیار کرنے کے لئے وزیراعظم کی طرف سے فنڈز دینے کا وعدہ کیا گیا تھا جو ابھی تک ریلیز نہیں کئے گئے۔ طارق ملک نے کہا کہ نادرا کی جانب سے سمارٹ کارڈ کا آغاز کیا گیا جس میں جدید تکنیکس کو شامل کیا گیا، اس میں جعل سازی کے بہت کم چانسز ہیں اور لوگوں میں مقبول بھی ہے، سولہ ہفتوں کے دوران بارہ لاکھ افراد نے سمارٹ کارڈ حاصل کئے ہیں۔ طارق ملک کا کہنا تھا کہ وہ حکومت کو تجاویز دیں گے کہ بچوں کو پیدائشی سرٹیفکیٹ دینے کی بجائے سمارٹ کارڈ دیں، اس میں بچوں کو دی جانے والی ویکسین کا ڈیٹا بھی محفوظ ہو گا۔
چیئرمین نادرا