13 کروڑ سے زائد کا بنک فراڈ، 4 افسر گرفتار
لاہور (خبر نگار) ایف آئی اے لاہور نے 13 کروڑ 30 لاکھ روپے کے بنک فراڈ کے الزام میں سلک بنک کے 4افسران کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کو گرفتار کرلیا۔ فراڈ کی اطلاع سلک بنک کے ریجنل جنرل منیجر سردار کامران نکئی نے کی۔ درخواست دی تھی کہ ریلیشن شپ منیجر معید الرحمان، سینئر ریلیشن شپ منیجر امتیاز، برانچ آپریشن منیجر سید ندیم انور، برانچ منیجر فیصل، کیشیئر کاشر علی اور دو ملزمان ظفر اور محبوب نے بنک میں 13 کروڑ کا فراڈ کیا ہے۔ یہ فراڈ بنک کے اکاﺅنٹ ہولڈر چودھری امین کے ساتھ کیا گیا جن کے بنک اکاﺅنٹ سے 6 کروڑ اور 7 کروڑ 30 لاکھ روپے دو مختلف چیکوں کے ذریعے ظفر نامی شخص نے یہ چیک کیش کرانے اور بنک منیجرز معیدالرحمان اور سید ندیم انور نے ”ٹیلی فون رابطے“ کے بعد چیک کیش کئے۔ 27 مئی کو چودھری امین جب خود بنک آئے تو بنک کے عملے نے پہلے انہیں ان کے اکاﺅنٹ کی تفصیل دینے سے انکار کر دیا۔ جب اصرار پر تفصیل مہیا کی گئی تو چودھری امین کو علم ہوا کہ 13 کروڑ 30 لاکھ نکالے جا چکے ہیں۔ سلک بنک کی درخواست پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر آفتاب ٹٹ نے مقدمہ درج کرکے 4 ملزمان بنک افسران، معید الرحمان، ندیم انور، ندیم فیصل، کاشر علی کو گرفتار کر لیا ہے۔ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لئے ان کی تلاش جاری ہے۔