سکواش ٹیم عالمی چیمپئن شپ قومی ٹیم 7 جون کو فرانس روانہ ہو گی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) چار رکنی قومی سکواش ٹیم عالمی سکواش چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے 7 جون کو فرانس روانہ ہو گی۔ اسلام آباد میں ہونے والے ٹرائلز کے بعد 8 میں سے4 کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جن میں فرحان محبوب، ناصر اقبال، فرحان زمان اور شیخ ثاقب شامل ہیں جبکہ عامر اطلس، دانش اطلس خان، طیب اسلم اور منصور زمان قومی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ونگ کمانڈر عبدالوہاب مروت، ٹیم منیجر اور جمشید گل کوچ کے فرائض سرانجام دیں گے۔ ایونٹ کا آغاز 9 جون سے ہوگا جو کہ 15 جون تک جاری رہے گا۔ قومی ٹیم کے کوچ جمشید گل کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں پاکستان کا مقابلہ آسان ٹیموں سے نہیں مگر کھلاڑیوں نے چیمپئن شپ کے لئے بہت محنت کی ہے اور امید ہے کہ ہم وکٹری سٹینڈ تک پہنچیں گے۔