فرنیچر انڈسٹری کی ضروریات، حکومت اور نجی شعبہ مل کر کام کریں،عرفان اقبال
لاہور (کامرس رپورٹر ) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر عرفان اقبال شیخ نے حکومت اور نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ فرنیچر انڈسٹری کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے جنگلات کے رقبہ کو 5 سے 25 فیصد تک بڑھانے کیلئے مل کر کام کریں۔ گزشتہ روزپاکستان فرنیچر کونسل کے سی ای او میاں کاشف اشفاق سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ اس وقت فرنیچر اور مقامی صنعتوں کو سپلائی کی شدید قلت کا سامنا ہے جو نہ صرف ان کی ترقی میں رکاوٹ بلکہ بین الاقوامی مسابقت کو بھی بری طرح متاثر کر رہی ہے۔ کرونا کے تناظر میں اس سال عالمی معیشت کو درپیش مزید چیلنجزکے پیش نظر انہوں نے فرنیچر انڈسٹری پر زور دیا کہ وہ جدت، نئی ٹیکنالوجی کو اپنانے اور برآمدی منڈیوں کی ڈیمانڈ کے مطابق اپنے آپ کو متنوع بنائیں۔انہوں نے کہا کہ لکڑی کی وافر سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے مقامی مارکیٹیں فینسی اور چپ بورڈ کی لیمینیٹ شیٹس سے بنے سستے فرنیچر سے بھر گئی ہیں۔ میاں کاشف اشفاق نے ایف پی سی سی آئی کے صدر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فرنیچر کی فروغ پذیر صنعت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر اور حکومت کی فعال شراکت کیساتھ میدانی، پہاڑی اور بنجر علاقوں میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستانی فرنیچر کے ڈیزائنرز اور کاریگروں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں فرنیچر کی برآمدات بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فرنیچر کے شعبہ میں تجارتی حجم بڑھانے اور نئے مواقع تلاش کیلئے پی ایف سی کے زیر اہتمام جلد 13ویں انٹیریئرز پاکستان میگا نمائش منعقد کی جائے گی۔