معصوم عیاد کی اداس آنکھیں
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی لا ش پر بیٹھے ایک معصوم بچے کی ویران اور خوفزدہ آنکھیں دیکھ کر آج پوری دنیا کا دل دہل سا گیا ہے یوں توبھارت کئی مہینوں سے مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو قتل کر رہا ہے جس سے پوری دنیا آگاہ ہے تا ہم گزشتہ روز60سال کے ایک کشمیری بوڑھے شخص بشیر احمد کو ان کے تین سالہ نواسے عیاد جہانگیر کے سامنے جس بے دردی سے قتل کیا گیا اور جس طرح یہ خوفزدہ اور سہما ہوا ننھا عیاد اپنے نانا کی لاش پر بیٹھا ہوا پوری دنیا کو دکھائی دیا‘ اس پر مردہ سے مردہ دل رکھنے والے انسان کی آنکھوں سے بھی آنسونکل پڑے ہیں تا ہم اگر کسی کا ضمیر نہیں جاگاتو وہ بھارت کے علاوہ بعض ایسے مغربی مماک اور ترقی یافتہ صنعتی قومیں ہیں جن کے مفادات بھارت کی بہت بڑی معاشی منڈی اور کاروبار سے جڑے ہوئے ہیں کیونکہ بھارت ان کے اسلحہ اوردیگر مصنوعات کا سب سے بڑا خریدار ہے ۔خدا جانے کتنے ہی ننھے اور معصوم عیاد‘ روزانہ کشمیر میں یتیم اور بے سہارا ہو رہے ہیں جنہیں بھارتی فوج اپنی گولیوں کانشانہ بنا رہی ہے اورجن کے خون سے مقبوضہ کشمیر کی وادی لت پت ہو رہی ہے خالی ہاتھ اور بے یارو مددگار کشمیری آج زندگی کے سب سے مشکل ترین دور سے گزر رہے ہیں کیونکہ ایک تو وہ کئی مہینوں سے بھارتی کرفیو اور لاک ڈائون میں قید ہیں ان کا کاروبار بند اور آزادی سلب کر لی گئی ہے انہیں نقل و حرکت کی اجازت ہی نہیںہے خوف کے عالم میں رہنے والے مقبوضہ کشمیر کے لوگ آج سرچ آپریشن کے نام پر بے دریغ قتل کیے جا رہے ہیں بچوں ،بوڑھوں اورجوانوں سب کو ایک ہی طریقے سے موت کی نیند سلایا جا رہا ہے خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے مقبوضہ وادی میں سوشل میڈیا اور انٹر نیٹ کی سروسز بند ہیں اوربھارتی قوم اور پوری دنیا کو بھارتی میڈیا صرف وہی دکھا رہا ہے جو جھوٹ بھارتی افواج انہیں بتا رہی ہیں ۔ شہید ہونے والے کشمیری بشیراحمد کے بیٹے نے درد بھری آواز میں ٹھیک ہی تو کہا ہے کہ لداخ میں چینی فوج کے ہاتھوں رسوا ہو نے والی بھارتی فوج معصوم کشمیریوں پر اپنا غصہ نکال رہی ہے اور انہیں انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے مغربی ممالک ایک لمبے عرصے سے اپنی جمہوریت ،انسانی حقوق اور لوگوں کی آزادی تحریر و تقریر کا ذکر کرتے ہوئے نہیں تھکتے مغر بی ممالک سے پیسے لیکر کام کر نے والی بیشتر این جی اوز بھی ہر وقت مغر بی اقوام کی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کوششوں کو اجاگر کرتی رہتی ہیں لیکن ان اقوام کو ہانگ کانگ میں ہو نے والے مظاہرے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں تو دکھائی دے جاتی ہیں لیکن کشمیر
میںجاری ظلم و استبداد ان کی آنکھوں سے اوجھل ہے وجہ اس کی بڑی سادہ سی ہے کیونکہ ہانگ کانگ کے مظاہروں کا تعلق چین سے ہے اور چین کے بارے میں امریکہ اور مغربی ممالک کا بغض کسی سے چھپا ہوا نہیں ہے جبکہ بھارت ایک تو بہت بڑی معاشی منڈی ہے اور دوسری بات یہ ہے کہ بھارت آجکل چین کے خلاف مغربی ممالک کا اتحادی بنا ہواہے اس لیے وہ بھارت سے چشم پوشی کرتے ہیں بلکہ یوں کہیے کہ وہ بھارت کا ساتھ دیتے ہیں ۔ بد قسمتی سے یہ وہی پالیسی ہے جو امریکہ اور دوسرے مغربی ممالک نے تعصب کی بنیاد پرفلسطینی مسلمانوں کے خلاف اور اسرائیل کے حق میں اختیاررکھی ہے اور اب بھارت کے ساتھ ان کی محبت کی وجہ چین اور پاکستان ہیںاسی طرح روس اور چین کا اشتراک بھی مغر بی ممالک کو پسند نہیں ہے جس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ بھارت بلا خوف و خطر کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے بھارتی مسلمانوں کو دوسرے در جے کا شہری بنا یا جارہا ہے کیا وجہ ہے کہ پوری دنیا میں سے کسی نے بھی ظلم کرتے ہوئے بھارت کے ہاتھ رو کنے کی کبھی کوشش نہیں کی لگتا یہی ہے کہ چین کے ہاتھوں رسوا اور ذلیل و خوار ہو نے والا بھارت اور بی جے پی کی قیادت اپنا سارا غصہ کشمیریوں پر نکال رہے ہیں لیکن ایک دن آئے گا جب شہید بشیر احمد جیسے ہزاروں لاکھوں کشمیریوں کا خون اور عیاد جیسے معصوم کشمیری بچوں کی بے بسی رنگ لائے گی اور بھارت اپنے انجام سے دوچار ہوکر ٹکڑوں میں بٹ جائے گا اور یہ کام چانکیائی سیاست کے وارث اور نازی و ہٹلر کے پیروکار آر ایس ایس اور بی جے پی کے ہاتھوں ہی انجام پائے گی ۔