بھارتی جنونیت روکنے کیلئے اقوام عالم کو اب رسمی مذمتوں سے آگے کا اقدام اٹھانا ہوگا
آرمی چیف کا کراچی کور اور رینجرز ہیڈکوارٹرز کا دورہ۔ جوانوں کو چوکس رہنے کی تاکید اور بھارتی جنونی حرکتیں
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز کراچی کور کے ہیڈکوارٹرز اور سندھ رینجرز ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہیں ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے چوکس رہنے کی تاکید کی۔ انہوں نے کراچی میں امن و امان یقینی بنانے کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے مربوط جواب پر اطمینان کا اظہار کیا اور دشمنوں کے عزائم ناکام بنانے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ سندھ رینجرز ہیڈکوارٹرز آمد پر آرمی چیف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ کراچی کورہیڈکوارٹرز آمد پر آرمی چیف کو اپریشنل امور اور داخلی سلامتی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
ہمارا دیرینہ مکار دشمن بھارت اس وقت جارحانہ انداز میں پاکستان کی سلامتی کیخلاف جن کھلم کھلا اور درپردہ سازشوں میں مصروف ہے‘ اسکے پیش نظر ہمارے سکیورٹی اداروں سمیت دفاع وطن کیلئے پوری قوم کے سیسہ پلائی دیوار بننے کی ضرورت ہے۔ عساکر پاکستان تو بلاشبہ پوری مشاقی اور جانفشانی کے ساتھ ملک کی جغرافیائی سرحد پر بھی اور ملک کے اندر بھی دشمن کی ہر سازش اسے فوری اور منہ توڑ جواب دیکر ناکام بنا رہی ہیں اور ملک کے اندر دشمن کی پھیلائی دہشت گردی سے بھی نبردآزما اور آخری دہشت گرد کے مارے جانے تک دہشت گردی کے تدارک کی جنگ جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔ گزشتہ ہفتے کراچی سٹاک ایکسچینج میں گھنائونی دہشت گردی کے ذریعے تباہی پھیلانے کا منصوبہ بھی بھارتی ساختہ تھا جسے سکیورٹی اہلکاروں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے اور چاروں دہشت گردوں کو جہنم واصل کرکے ناکام بنایا جو دفاع وطن کیلئے ہمارے سکیورٹی اداروں کی جانفشانی کا بین ثبوت ہے۔
پاکستان نے اس گھنائونے منصوبے کے حوالے سے بھی مکروہ بھارتی چہرہ اقوام عالم میں بے نقاب کیا اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یواین سلامتی کونسل سمیت تمام نمائندہ عالمی اور علاقائی اداروں سے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کیلئے خطرات پیدا کرنیوالی بھارتی حرکتوں کا سخت نوٹس لینے کا تقاضا کیا جس پر سلامتی کونسل کے تمام ارکان نے کراچی سٹاک ایکسچینج کے واقعہ پر پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس واقعہ کی متفقہ بیان کے ذریعے مذمت کی اور اس واقعہ میں ملوث دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کو شکنجے میں لانے پر زور دیا جبکہ بھارت نے یہ مذمتی بیان رکوانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا جس پر اسے منہ کی کھانا پڑی جبکہ بھارت کی ان مکارانہ کوششوں سے عالمی برادری کو کراچی سٹاک ایکسچینج کے واقعہ میں اسکے ملوث ہونے کا مکمل یقین ہوگیا۔
بھارت کی ہندو انتہاء پسند مودی سرکار نے گزشتہ ایک سال سے جس طرح تسلسل کے ساتھ مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں کا ناطقہ تنگ کررکھا ہے اور انہیں زندہ رہنے کا حق بھی نہیں دیا جارہا جبکہ بھارتی فوجیں اور دوسری سکیورٹی فورسز مقبوضہ وادی اور بھارت میں بے دردی کے ساتھ مسلمانوں کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ سب بھارتی مظالم پوری دنیا کے سامنے آشکارا ہوچکے ہیں جس پر عالمی برادری‘ قیادتوں اور نمائندہ عالمی اداروں کی جانب سے احتجاج اور مذمتی قراردادیں بھی منظور کی جاتی ہیں مگر جنونی بھارت ٹس سے مس نہیں ہورہا اور اس نے مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے اندر مسلمانوں اور دوسری اقلیتوں کیخلاف ہی نہیں‘ کنٹرول لائن پر پاکستان کیخلاف بھی محاذ گرمایا ہوا ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر پاکستان کی چیک پوسٹوں اور ملحقہ شہری آبادیوں پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جارہی ہے اور اسکے ساتھ ساتھ بھارت کی سیاسی اور عسکری قیادتوں نے پاکستان کے اندر سرجیکل سٹرائیکس کی گیدڑ بھبکیاں لگانے کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے۔ بھارت درحقیقت ایسے اقدامات سے پاکستان کو مشتعل کرکے اس پر باقاعدہ جنگ مسلط کرنے کا جواز نکالنا چاہتا ہے جس کے بارے میں وزیراعظم عمران خان عالمی قیادتوں اور اداروں کو متعدد بار آگاہ بھی کرچکے ہیں اور باور کراچکے ہیں کہ اپنی سلامتی کے تحفظ و دفاع کیلئے پاکستان آخری حد تک جائیگا اس لئے اقوام عالم کو دو ایٹمی ممالک کے مابین جنگ کے ممکنہ نتائج سے آگاہ ہونا چاہیے۔
اگر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی گلگت بلتستان سے ملحقہ علاقوں کا ہنگامی دورہ کرکے وہاں پاکستان کی جانب سے چینی فوجوں کے تعینات کئے جانے کا باطل پراپیگنڈہ کررہے ہیں تو انکی ایسی سرگرمیوں سے بھی پاکستان کی سلامتی کیخلاف بھارتی منصوبہ بندی ہی طشت ازبام ہورہی ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے گزشتہ روز دوٹوک انداز میں دنیا پر واضح کیا ہے کہ سکردو بیس اور گلگت کے حوالے سے بھارتی میڈیا قطعی جھوٹا پراپیگنڈا کررہا ہے جبکہ فی الحقیقت نہ سکردو بیس چین کے زیراستعمال ہے اور نہ ہی پاکستان نے گلگت میں اضافی دستے لگائے ہیں۔ اسکے برعکس بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جو حشر اٹھا رکھا ہے وہ آج پوری دنیا کی نگاہوں میں آچکا ہے۔ گزشتہ روز اپنے نواسے کی موجودگی میں بھارتی فوجیوں کی گولیوں سے چھلنی ہونیوالے بزرگ کشمیری بشیر احمد شہید کی نماز جنازہ ادا کی گئی تو ہر آنکھ اشک بار تھی۔ یواین سیکرٹری جنرل انتونیو گرئتریس کے ترجمان نے بھی سوپور مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالے اس واقعہ کی مذمت کی اور اس واقعہ کے ذمہ داروں کو کڑی سزا دینے کا تقاضا کیا۔
جنونی بھارت نے اس خطہ کے حالات جس نہج پر پہنچا دیئے ہیں‘ اسکے پیش نظر اب بھارت کی محض رسمی مذمت سے بات نہیں بنے گی بلکہ عالمی قیادتوں اور اداروں کو بھارتی جارحانہ ہاتھ روکنے کیلئے عملی اقدامات اٹھانا ہونگے ورنہ بھارتی جنونیت علاقائی اور عالمی امن کو بھسم کرکے چھوڑے گی۔