انتقام کی سیاست پی ٹی آئی کا نظریہ نہیں ہے، رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں : وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن رہنماوں کی گرفتاریوں پر الزامات کا ایک بار پھر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔وزیراعظم کے زیر صدارت پارٹی ترجمانوں اور رہنماوں کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اپوزیشن رہنماوں کی گرفتاریوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے دوران بجٹ اپوزیشن کی تنقید کا جواب دینے پر ترجمانوں کی تعریف کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا کہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انتقام کی سیاست پی ٹی آئی کا نظریہ نہیں ہے۔ حکومت پر الزام لگا کر اپوزیشن جرائم سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔ پاکستان میں ادارے اور عدالتیں اب آزاد ہیں۔جن لوگوں پر مقدمات ہیں عدالتوں میں ان کی صفائی دیں۔وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر دورہ امریکا سے متعلق بھی بات کی اور کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔ایمنسٹی سکیم کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بے نامی جائیدادیں رکھنے والوں کو پورا موقع دیا گیا، اب بے نامی جائیداد رکھنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہوگی۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی، وزیراعظم کو پنجاب میں صنعتی شعبے، زراعت اور سیاحت کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات، خصوصی اقتصادی زونز کے قیام اور کاروباری طبقے کے مسائل اور حل پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات میں حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا ہے، بجٹ میں صنعتی شعبے کا فروغ اور کمزور طبقے کے تحفظ پرپوری توجہ دی گئی، معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے مشکل فیصلے کیے، ان فیصلوں کا مقصد معیشت کی سمت درست کرنا اور ملک کومعاشی مشکلات سے نکالنا ہے۔