پی ٹی آئی ایڈہاک بنیادوں پر زیادہ دیر تک حکومت نہیں چلا سکے گی: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی ایڈہاک بنیادوں پر زیادہ عرصہ حکومت نہیں چلا سکتی۔مستقبل کے لیے حکومت کے پاس کوئی مستقل نظام ہے نہ وڑن۔ مہنگائی کو کنٹرول نہ کیا گیا تو سیاسی جماعتیں احتجاج کریں یا نہ کریں ، عوام حکومت کے خلاف سڑکوں پر آنے میں دیر نہیں کریں گے۔ حکمرانوں کو اس دن سے ڈرنا چاہیے جب بے ہنگم ہجوم ان کے بنگلوں اور ایوانوں کی طرف بڑھنے لگے اور ان کا محاصرہ کرے۔ جماعت اسلامی نے ابتدائ میں ہی سیمینارز اور کانفرنسز کر کے حکومت کو معیشت کی بہتری کے لیے تجاویز دی تھیں مگر نالائق حکومت کو آئی ایم ایف کی غلامی کے سوا کوئی راستہ نہیں سوجھا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں ملک بھر سے آئے وفود سے ملاقاتوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس آج (جمعرات کو) منصورہ میں ہوگا۔ جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے مطابق امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اجلاس کی صدارت کریں گے۔