عمران خان‘ رانا ثناء اﷲ کی جان سے کھیل رہے ہیں: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) ترجمان مریم اورنگزیب مسلم لیگ ن نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب آپ نے جو کرنا ہے کر لیں ، آپ کے کانوں میں سلیکٹڈ وزیراعظم کی آوازیں گونجتی رہیں گی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران صاحب علیمہ باجی چور ہیں ، اور رہیں گی آپ جو مرضی کر لیں، عمران صاحب این آر او این آر او کا ڈرامہ اور تماشہ بند کریں ، دھمکیاں نہ دیں ، جو کرنا ہے کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب آپ نے علیمہ باجی اور جہانگیر ترین کو این آر او دے دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب ملک کو آئی ایم ایف میں گروی کیوں رکھا ، سوال ہوتا رہے گا۔ عمران صاحب ایک کھرب کے پشاور میٹرو کے کھڈوں‘ 18 جعلی اکاؤنٹس میں پیسہ کہاں سے آیا، سوال ہوتا رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیل میں رانا ثنااللہ کو خدانخواستہ کچھ ہوا تو ذمہ دار عمران صاحب ہوں گے۔ انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا ۔رانا ثنااللہ کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے، انہیں خوراک اور ادویات تک نہیں دی جا رہی۔ رانا ثناء اللہ دل، شوگر، سمیت دیگر امراض میں مبتلا ہیں۔ مریم اورنگزیب نے مطالبہ کیا کہ انہیں ادویات اور خوراک کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے وزیر اعظم کو خبردار کیا کہ عمران صاحب انتقام کی آگ میں وہ کام نہ کریں جس پر کل آپ کو پچھتانا پڑے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے توسط سے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا کہ عمران صاحب اتنا ڈر کہ آپ کو جیل میں بیٹھے رانا ثناء اللہ سے بھی ڈر لگتا ہے؟