غیرقانونی ٹھیکے :سبطین خان سمیت 4 ملزم 14 روزہ ریمانڈ پر جیل منتقل
لاہور (اپنے نامہ نگار سے)چنیوٹ مائنز اینڈ منرل کیس میں احتساب عدالت نے غیرقانونی ٹھیکوں کے کیس میں سابق صوبائی وزیر سبطین خان سمیت چار ملزمان کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ احتساب عدالت کے جج امیر محمد خان نے سماعت شروع کی تو سابق وزیر سبطین خان سمیت دیگر ملزمان سابقہ سیکرٹری مائنز امتیاز چیمہ،سابقہ جنرل منیجر اسلم اور چیف انسپکٹر مائنز عبدالستار کو عدالت پیش کیا گیا۔دوران سماعت عدالت نے نیب کے تفتیشی سے استفسار کیا کہ جسمانی ریمانڈ کی کیا ضرورت ہے،تمام دستاویزات تو آپ نے قبضہ میں لے لیں،مزید کیا تحقیقات کرنی ہیں،اس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم سبطین خان نے جس کمپنی کو ٹھیکہ دیا اس میں چھان بین کے حوالے سے متعلقہ افراد سے تفتیش کی جا رہی ہے۔تفتیشی افسر نے بتایا کہ حکومت ختم ہونے سے ایک دن قبل ٹھیکے کی منظوری کی سمری وزیراعلیٰ کو بھجوائی گئی،جبکہ کمیٹی نے کس کے کہنے پر منظوری دی اس کی تحقیقات کرنی ہیں جبکہ ملزمان کے وکلا نے موقف اپنایا کہ سمری سیکرٹری منرلز نے تیار کی اور چیئرمین پی اینڈ ڈی سمیت مجاز حکام کو منظوری کے لئے بھجوائی۔بعد ازاں عدالت نے سبطین خان سمیت چاروں ملزمان کو 17 جولائی تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔