سانحہ ماڈل ٹائون، ہائیکورٹ نے نئی جے آئی ٹی کو کام سے روکنے کے حکم میں توسیع کر دی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاون کی نئی جے آئی ٹی کو کام سے روکنے کے حکم امتناعی میں توسیع کردی۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی جانب سے جواب جمع کرانے کی مہلت کی استدعا پر حکومت کو ایک اور موقع دے دیا ہے۔ تین رکنی فل بنچ نیسماعت کی۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ حکم امتناعی کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔ اپیل کے فیصلے تک حکومت پنجاب کوجواب داخل کرنے کی مہلت دی جائے۔ عدالت نے حکومت پنجاب اور دیگر وکلاء کو آئندہ سماعت پر تیاری کرکے پیش ہونے کاحکم دیدیا۔ کانسٹیبل خرم رفیق وغیرہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ قانون کے تحت سانحہ ماڈل ٹاون کی تحقیقات کرنے والی پہلی جے آئی ٹی کی رپورٹ آنے کے بعد اسی معاملے پر دوسری جے آئی ٹی نہیں بن سکتی۔