ترکی ، چین ، ابھرتی منڈیاں ،سٹرٹیجک تعاون مستحکم کرنا ہوگا، شی جن پنگ:ہم تیار ہیں، طیب اردگان
بیجنگ (اے پی پی) چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور ترکی دو ابھرتی ہوئی منڈیاں اور خطے کے اہم ممالک ہیں جنہیں باہمی سٹرٹیجک اعتماد اور تعاون کو مزید مستحکم بنانا چاہئے۔ بیجنگ میں ترک ہم منصب صدر طیب اردگان سے ملاقات کے دوران صدر شی جن پنگ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قیادت میں بین الاقوامی قانون کی بنیاد پر بین الاقوامی نظام کے تحفظ کے ساتھ تمام ترقی پذیر ممالک کے مفادات کا تحفظ بھی کرنا چاہئے۔ انھوں نے کہا دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کے لئے بھی دونوں ملکوں کو ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔طیب اردگان نے کہا ترکی انتہا پسندی کی سخت مخالفت کرتاہے اور چین کے ساتھ سیاسی باہمی اعتماد کو بڑھانے اور سکیورٹی تعاون کو مضبوط کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ چین کے سنکیانگ ویغور کے خود مختار علاقوں میں مختلف قومیتوں کے رہائشی چین کی ترقی اور خوشحالی کی بدولت خوشحال زندگی بسر کر رہے ہیں۔