انگلینڈ نے ورلڈ کپ میں مسلسل تین مرتبہ 100 پلس رنز کی اوپننگ شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا
چیسٹرلی سٹریٹ(آ ن لائن ) انگلش بلے بازوں جونی بیئرسٹو اور جیسن روئے نے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹٹورنامنٹس کی تاریخ میں کسی ایک ایڈیشن میں مسلسل تین مرتبہ 100 پلس رنز کی اوپننگ شراکت بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، دونوں بلے بازوں نے بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں 123 رنز کی اوپننگ شراکت بنا کر یہ سنگ میل عبور کیا، اس سے قبل دونوں بلے بازوں نے بھارت کے خلاف 160 رنز اور بنگلہ دیش کے خلاف ٹیم کو 128 رنز کا آغاز فراہم کیا تھا۔ جونی بیئرسٹو اور جیسن روئے نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کی تاریخ میں کم اننگز میں 10 مرتبہ 100 پلس رنز کی اوپننگ شراکت بنا کر دنیا کی دوسری جوڑی کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے، دونوں نے 35 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا، ہاشم آملہ اور اے بی ڈی ویلیئرز نے 34 اننگز میں سنگ میل عبور کیا تھا۔