پاکستان‘ افغان میچ میں ہنگامہ آرائی کی تحقیقات شروع
لندن (سپورٹس رپورٹر )برطانوی پولیس نے پاکستان افغان میچ کے دوران ہنگامہ آرائی کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی۔پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے میچ میں ہنگامہ آرائی سے متاثر ہونے والے لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ واقعے کے ذمہ داروں تک پہنچنے کے لیے ہماری مدد کریں۔ویسٹ یارکشائر کے سپرنٹنڈنٹ پولیس کا کہنا ہے کہ پاک افغان میچ کے موقع پر ہنگامہ آرائی کے انفرادی واقعات ہوئے جن میں اقلیتی افراد ملوث تھے، جبکہ سوشل میڈیا پر ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ ہنگامہ آرائی کے دوران لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ذمہ داروں کے تعین کے لیے مکمل اور جامع مجرمانہ تحقیقات کی ضرورت ہے، لندن اور برمنگھم سے تعلق رکھنے والے چار افرد گرفتار کئے جاچکے ہیں جن سے تفتیش جاری ہے۔ ترجمان سکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ جمعے کو پاکستان اور بنگلہ دیش میچ کے موقع پر اضافی سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سٹیڈیم پرسکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جارہے ہیں۔ سوشل میڈیا کی فوٹیج سے لگتا ہے کہ پاکستانی شائقین کو پہلے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ لندن پولیس سپرنٹنڈنٹ کرس بوون کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی اور تشدد کے خلاف جامع تحقیقات کی ضرورت ہے، ایسی ہنگامہ آرائی کی پہلے مثال نہیں ملتی، ہم متاثرین اور تماشائیوں کی جانب سے مزید شواہد کی توقع کر رہے ہیں۔