پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی حالیہ انتخابی سرویز کو مستردکردیا
پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی حالیہ انتخابی سرویز کو مستردکردیا پارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ بھوت سروے مقبولیت کا پیمانہ ہرگز نہیں۔ جی ٹی روڈ سے آگے بھی بڑی دنیا ہے۔ ایسے بھوت سروے ماضی میں بھی ہوئے جن کی آڑ میں انتخابات کے نتائج چوری ہوتے رہے مگر 2018ء کے انتخابات میں اس طرح کی کوئی واردات ہونے نہیں دی جائے گی۔سنٹرل سیکریٹریٹ میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے نیئر بخاری نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ کان اور آنکھیں کھلی رکھیں اور سیاسی نوسر بازوں پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اجرتی سروے میں دو پارٹیوں کو خوش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی واحد پارٹی ہے جو اپنے منشور کے ساتھ انتخابی میدان میں ہے اور انشااللہ پاکستان پیپلزپارٹی چاروں صوبوں میں شاندار فتح حاصل کرے گی۔