امیدوار ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑانے لگے‘ کوئی پوچھنے والا نہیں
ملتان (سپیشل رپورٹر)مانیٹرنگ کمیٹی کی غفلت،امیدواروں نے الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بڑے بڑے بل بورڈز اور پینا فلیکس ابھی بھی لگے ہو ئے ہیں۔تفصیل کے مطابق الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں نے بار بار ہدا یات کے با وجود قانون کی خلاف ورزی شروع کر رکھی ہے،الیکشن ایکٹ 2017ء میں امیدواروں پر پابندی لگادی گئی ہے صرف کاغذ کے بنے اشتہار،ہینڈ بل اور کپڑے کے بنے بینرز اور پورٹریٹ لگائے جائیں گے،پورٹریٹ بھی کپڑے سے بنائے جائیں گے،ایکٹ کے مطابق پوسٹر کا سائز 18*23انچ،ہیڈ بل لیف لیفٹ کا سائز9*6انچ بینر 3*9فٹ،پورٹریٹ2*3فٹ تک کے ہوسکتے ہیں،امیدوار پر لازم ہوگا کہ اس پبلسٹی میٹریل پر قرآنی آیات یا کسی بھی قسم کی مذہبی تحریر کی پابندی ہوگی،اس کیخلاف ورزی غیرقانونی ہوگی،اس میٹریل کو کسی سرکاری عمارت پر لگانے کی پابندی ہوگی،پرائیویٹ عمارت پر بھی تحریری اجازت کے بعد لگایا جاسکے گامگر یہ تمام ہدایات ابھی سے ردی کی ٹوکری میں ڈال دی گئیں،امیدواروں نے کمپین شروع کر رکھی ہے سڑکوں پر بڑے بڑے بینر اور بل بورڈز لگادئیے گئے جن پر قرآنی آیات بھی درج ہیں،پینا فلیکس سے بنے اشتہارات پر پرنٹر کا نام بھی درج نہیں ہے،الیکشن مہم کو مانیٹر کرنے والی ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کمیٹی اس کا کوئی نوٹس نہیں لے رہی ہے جبکہ الیکشن ایکٹ کے مطابق کمیٹی ان اشہتارات اور بل بورڈز کو ختم کرنے اور امیدواروں کے خلاف کارروائی کرنے کی مجاز ہے،عوامی حلقوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ امیدواروں کو الیکشن ایکٹ2017پر عملدرآمد کا پابند بنایا جائے۔