خدشہ ہے امریکا کوئی غیر معمولی حرکت نہ کرے،ہم امریکا کی متوقع شرارت کا سامنا کرنے کیلئے مکمل تیار ہیں:وزیر دفاع خرم دستگیر
وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ خدشہ ہے امریکا کوئی غیر معمولی حرکت نہ کر دے لیکن ہم امریکا کی متوقع شرارت کا سامنا کرنے کے لئے مکمل تیار ہیں۔جمعرات کو اسلام آباد پارلیمنٹ کی مشترکہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ہمیں ساری صورتحال کا تجزیہ کرنے کی ضرورت ہے اور ٹھنڈے دل کے ساتھ غور کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 16 برسوں میں امریکا کو کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں 23 ارب ڈالر کی بلنگ کی، جس میں سے 14 ارب ڈالر ملے ہیں اور 9 ارب ڈالر سے زائد رقم امریکا پر اب بھی واجب الادا ہے۔۔انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ ٹلرسن اور وزیر دفاع میٹس نے اپنے دورے کے دوران سفارتی آداب کے مطابق گفتگو کی ، ان کی بات میں دھمکی یا توہین کا عنصر نہیں تھا لیکن ٹرمپ دھمکی آمیز رویے میں بات کررہا ہے، پاکستان کے بارے میں کسی قسم کا خوف نہیں ہے۔ خدشہ ہے کہ امریکا کوئی غیر معمولی حرکت نہ کر دے لیکن ہم امریکا کی متوقع شرارت کا سامنا کرنے کے لئے مکمل تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کے تحفظ کے بارے میں کسی قسم کا خوف نہیں، پاکستان کا دفاع مضبوط ہے، سوال یہ ہے کہ امریکا واقعی کوئی اس قسم کی غیر معمولی حرکت نہ کردے جس سے ہمیں نقصان ہونے کا اندیشہ ہے اس کے لیے بالکل تیار ہیں لیکن ابھی چاہتے ہیں امریکا کے ساتھ مل کر آگے چلیں۔