پی آئی اے کا ریزرویشن سسٹم خراب‘ دنیا بھر سے رابطہ منقطع

04 جنوری 2018

لاہور‘ کراچی (خبرنگار+ صباح نیوز) پی آئی اے کا ریزرویشن سسٹم گزشتہ روز خراب ہو جانے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم ترجمان پی آئی اے کے مطابق تکنیکی خرابی دور ہونے کے بعد معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔ ترجمان نے تسلیم کیا کہ گزشتہ روز ریزرویشن سسٹم میں خرابی پیدا ہوئی جس کو ٹھیک کر دیا گیا۔ ترجمان نے مزید وضاحت کی کہ اس عارضی خرابی کی وجہ سے پروازوں کی آمدورفت میں کوئی تعطل پیدا نہیں ہوا اور پروازیں معمول کے مطابق آپریٹ کی جاتی رہیں۔ علاوہ ازیں کراچی سے صبا ح نیوز کے مطابق پی آئی اے کے سیبر سسٹم میں فنی خرابی کے باعث قومی ائیرلائن کا دنیا بھر سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی ائیرلائن کا سیبر سسٹم بیٹھنے کی وجہ سے پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہو ئی اور ایئرپورٹ پر مسافروں کا رش لگ گیا، سیبر سسٹم کی خرابی کے باعث دنیا بھر سے ٹکٹوں کی فروخت بھی نہ ہوسکی۔ پی آئی اے کو کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ سیبر سسٹم ائیرلائن ٹکٹ بکنگ کا عالمی نظام ہے جس سے دنیا بھر میں 400 سے زائد ائیرلائنز منسلک ہیں۔