ترکی میں 4 نوجوانوں کا اغوا گوجرانوالہ سے 3 ایجنٹ گرفتار
گوجرانوالہ+لاہور (نمائندہ خصوصی+خبر نگار) ایف آئی اے نے ترکی میں نوجوانوں کے اغوا کے واقعہ پر کارروائی کرتے ہوئے تین ایجنٹوں کو حراست میں لیکر تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا۔ ترکی میں گوجرانوالہ کے رہائشی نوجوانوں پر ہونیوالے بیہمانہ تشدد کی خبر میڈیا پر آنے کے بعد ایف آئی اے گوجرانوالہ بھی حرکت میں آگئی جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے خالدانیس کی سربراہی میں متاثرہ افراد کے اہل خانہ اوردیگرلوحقین سے معلومات اکٹھی کرتے ہوئے دو ایجنٹوں افضال اور سہیل کوحراست میں لے لیا جن کی نشاندہی پر ایف آئی اے ٹیم نے لقمان بٹ نامی ایجنٹ کوبھی حراست میں لے لیا،سہیل اورافضال نے بتایاکہ چھ ماہ قبل باغبانپورہ کے علاقہ گھوڑے شاہ کاذیشان،وزیرآبادکاعدیل جبکہ اٹھارہ ماہ قبل وزیرآباد کے عثمان کے ساتھ ڈیڑھ لاکھ روپے فی کس پر ترکی جانے کا معاملہ طے ہوا تھا، چاروںلڑکوںکے ترکی پہنچ جانے کے بعد وسیم بٹ نے انہیں اپنے سیف ہائوس میں رکھا اور ورثا سے اپنے بھائی لقمان بٹ کے ذریعے 6 لاکھ روپے وصول کرنے بعد ترکی کے ایجنٹ وسیم عرف چھمابٹ نے چاروں افراد کو ترکی میں ہی موجود ایک پٹھان ایجنٹ کو فروخت کر دیا، جس کے بعد چاروںافراد پر تشدد کا سلسلہ شروع ہو گیا ، پٹھان اغوا کاروںنے دس ہزار ڈالر تاوان کا مطالبہ شروع کیا جو پانچ ہزار ڈالر پر پہنچ کر رکاتھا، اس حوالے سے ایف آئی اے گوجرانوالہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر خالد انیس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں ملوث دیگر ملزمان کو جلد قانون کے شکنجہ میں لایاجائے گا جبکہ انسانی سمگلروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ جلد ہی متاثرہ افراد کوبازیاب کرواکربحفاظت وطن واپس لایاجائیگا۔ علاوہ ازیں دفتر خارجہ نے گوجرانوالہ کے چار نوجوانوں کی ترکی میں قید کا نوٹس لے لیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چاروں نوجوانوں سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہے اور اس حوالے سے ترکی میں موجود پاکستانی سفارت خانے کو معاملے سے آگاہ کر دیا جبکہ ترک حکام نے پاکستانی سفیر کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ چاغی + اسلام آباد سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے 97 پاکستانی ایرانی حدود سے گرفتارکر لئے گئے۔ لیویز حکام کے مطابق ایرانی حکام نے گرفتار پاکستانیوں کو تفتان میں لیویز حکام کے حوالے کر دیا۔علاوہ ازیں ایف آئی اے نے ایران، ترکی کی سرحدیں غیر قانونی طور پر عبور کروا کے پاکستانیوں کو یورپ پہنچانے والے 7 ایجنٹ گرفتار کر لئے ڈپٹی ڈائریکٹر خالد انیس کے احکامات پر بدنام انسانی سمگلروں سجاد حسین، احسن مبارک، محمد رفیق، اللہ رکھا، محمد عارف اور آفتاب احمد کو گرفتار کرلیا ہے۔