حکومتی صفوں میں دہشت گرد موجود، اسمبلیوں کے اندر لایا جا رہا ہے: قمر زمان کائرہ
لاہور (این این آئی) پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت کی اپنی صفوں میں دہشت گرد موجود ہیں جنہیں باقاعدہ منتخب کروا کر اسمبلیوں میں لایا جا رہا ہے۔ آصف علی زرداری کے ملک واپس آنے سے بلاول بھٹو کی سیاسی شخصیت دب جانے کا تاثر بالکل غلط ہے۔ دونوں پارلیمنٹ میں نوازشریف کا جینا دوبھر کر دیں گے۔ ہمارے چار نکات پر عمل کرنا قومی ضرورت بن چکا ہے۔مسلم لیگ (ن) نے رحیم یارخاں میں کروڑوں روپے کے ووٹ خریدکر جمہوریت کاقتل اور میثاق جمہوریت کی دھجیاں اڑا دی ہیں ۔ مخدوم احمد محمود کی رہائش گاہ پر جنوبی اور مرکزی پنجاب کے تنظیمی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا پیپلزپارٹی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور اپوزیشن کا کر دار جا ری رکھے گی۔ بلاول بھٹو نے احتجاجی جلسوں کا شیڈول ترتیب دیدیا ہے، وہ بہت جلد اس کا ا علان کریں گے۔ انہو ں نے کہا کہ مارچ غیر سیاسی ہوتاہے جبکہ لانگ مارچ سیاسی ہوتا ہے ،پیپلزپارٹی احتجاج ضرور کرے گی لیکن جمہوریت کو ڈی ریل نہیںہونے دے گی بلکہ ہمارا احتجاج جمہوریت کو مضبوط کر ے گا۔ حکومت صرف مال بنائو منصوبوں پر عمل پیرا ہے ،ہمارے منصوبوں کے فیتے کاٹ کر عوام کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے ، غریب لو گ ہسپتالوں میں سسکیاں لے لے کر مر رہے ہیں۔