اقلیتوں سمیت تمام طبقات کا تحفظ ہر پاکستانی کا فرض ہے: بلاول
کراچی(سٹاف رپورٹر) بلاول بھٹو زرداری نے سلمان تاثیر کی پانچویں برسی پر پیغام میں کہا کہ سلمان تاثیر نے یہ ثابت کرکے دکھایا کہ یہ ملک سب کے لیے ہے۔ متعصب عناصر کی جانب سے اپنے کمزور مخالفین کو دبانے اور اپنی ذاتی مرضی تھوپنے کے خلاف اور تمام مذاہب کے تقدس کے تحفظ کے لیے سلمان تاثیر چٹان کی طرح کھڑے رہے۔ انتہاپسند اور متعصب عناصر دہشتگردی کو پروان چڑہا رہے ہیں‘ پاکستان کے عوام کو ان بیماریوں سے چھٹکارا حاصل کرنا پڑے گا اور مساوات پر مشتمل ایک ایسا مسلم اکثریتی معاشرہ بنانا چاہیے جو کہ نہ صرف اسلامی دنیا بلکہ ماڈرن دنیا کے لیے بھی ایک ماڈل قوم کی طرح بلند کھڑا ہو۔ کچھ عناصر عوام کو بندوق کے زورپر یرغمال بنانا چاہتے ہیں۔ سابق صدر پاکستان آصف زرداری نے کہا ہے کہ سلمان تاثیر اپنی جان کا نذرانہ اقلیتوں اور غریبوں کے تحفظ کے لئے دیا اور ان کا مقابلہ ان لوگوں سے جو مذہب کی بنیاد پر بنائے گئے قوانین کا غلط استعمال کرتے ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی انتہاپسندوں کو مسترد کرتی ہے جو مذہب کی بنیاد پر بنائے گئے قوانین کا غلط استعمال کرکے اپنی مرضی کا مذہب عوام پر مسلط کرنا چاہتی ہے اور مخالف کی آواز کو دبانا چاہتی ہے۔