نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں کمی معاشی ترقی میں بڑی رکا وٹ ہے: آل پاکستان بزنس فورم
لاہور(کامرس رپورٹر)آل پاکستان بزنس فورم نے سٹیٹ بینک پر زور دیا ہے کہ نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی کے ضمن میں پالیسیوں پر از سر نو غور کیا جائے کیونکہ نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں کمی معاشی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی18ارب روپے رہی جبکہ گزشتہ برس نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی 28ارب روپے کی سطح پر تھی ۔آل پاکستا ن بزنس فورم کے صدر ابراہیم قریشی کا کہنا ہے کہ نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں کمی معاشی ترقی کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے اور متعلقہ حکام کیلئے انتہائی فکر انگیز ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں کمی کا مطلب مقامی سرمایہ کاری کے مواقعوں کو کم کرنے کے مترادف ہے ،ابراہیم قریشی کا کہنا تھا کہ سٹیٹ بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق پبلک سیکٹر کو رواں مالی سال کے پانچ ماہ کے دوران 53ارب روپے کا قرض فراہم کیا گیا جو کہ گزشتہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں4.6فیصد زائد ہے ،ان کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں کمی سے اسمال میڈیم انٹر پرائزز کیلئے بقاء انتہائی مشکل ہوگئی ہے۔