وزیر اعظم اور انکے بچوںنے وکیل تبدیل کر لئے، سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت/صباح نیوز) وزیراعظم محمد نواز شرریف اور ان کے بچوں نے پانامہ کیس میں اپنے وکلاءتبدیل کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ۔درخواست میں کہا گیا وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے سلمان اسلم بٹ کی جگہ سابق اٹارنی جنرل مخدوم علی خان پیش ہوں گے جبکہ کیپٹن (ر) محمد صفدر اور مریم نواز شریف کی طرف سے سابق گورنر پنجاب اور معروف قانون دان شاہد حامد پیش ہوں گے۔ حسین نواز اور حسن نواز کی جانب سے بیرسٹر اکرم شیخ کی جگہ سلمان اکرم راجہ پیش ہوں گے۔ وکلاءکی تبدیلی کے حوالے سے باقاعدہ درخواست سپریم کورٹ میں جمع کروا دی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے پرانے وکلاءکی جگہ نئے وکلاءکو پیش ہونے کی اجازت دی جائے۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وکیل اسلم بٹ ہی رہیں گے۔ یاد رہے اس سے قبل نواز شریف کی وکالت سلمان اسلم بٹ جبکہ مریم صفدر، حسین و حسن نواز کی وکالت اکرم شیخ کر رہے تھے۔