صاف پانی پروگرام کا آغاز جنوبی پنجاب سے ہو گا، عالمی تعاون کا خیر مقدم کرینگے، شہباز شریف
لاہور (صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں عالمی بےنک کے کنٹری ڈائرےکٹر پچا موتھو الانگوکی سربراہی میں وفدنے ملاقات کی جس میں واٹر سیکٹر خصوصا پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلی شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بنک پنجاب حکومت کا ایک مضبوط پارٹنر ہے اور سماجی شعبوںکی ترقی کے حوالے سے عالمی بنک کا کردار لائق تحسین ہے۔ انہوںنے کہا کہ صاف پانی پروگرام کو آگے بڑھانے کیلئے عالمی بنک کی تکنیکی معاونت کا خیر مقدم کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ پینے کا صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور صوبے کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے ایک بڑا پروگرام مرتب کیا گیا ہے۔ عالمی بنک کی مشاورت سے پروگرام کو آگے بڑھائیں گے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب حکومت پہلے مرحلے میں جنوبی پنجاب سے اس پروگرام کا آغاز کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں غیر فعال واٹر سکیموں کو بحال کرنے کے حوالے سے بھی عالمی بنک تعاون فراہم کر سکتا ہے۔ عالمی بنک کے کنٹری ڈائرےکٹر پچا موتھو الانگو نے کہا کہ پنجاب حکومت کو واٹر سیکٹر اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ سی پیک ایک اٹل حقیقت بن چکا ہے اور پورے ملک میں اس کے تحت منصوبے لگ رہے ہیں۔ سی پیک منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل ہماری ترجیح ہے اور یہ منصوبے ملک و قوم کی تقدیر بدل دیں گے۔ پنجاب میں مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے اور انہیں مقررہ وقت سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔وہ بیجنگ میں ہونے والے سی پیک کی مشترکہ تعاون کمیٹی کے حوالے سے ڈی بریفنگ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کی جانب سے مشترکہ تعاون کمیٹی میں لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین، ساہیوال کول پاور پراجیکٹ، سولر پارک اور دیگر منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔چینی حکام کا منصوبوں میں رفتار، معیار اور شفافیت پر اطمینان کا اظہار خوش آئند ہے۔سی پیک کے منصوبوں سے چاروں صوبوں کے ساتھ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام بھی مستفید ہوں گے۔ چین کی جانب سے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے میں بعض مشکلات کے باوجود تسلسل کے ساتھ تعاون پر شکرگزار ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ توانائی منصوبوں کی تکمیل کیلئے بھی چین کے تعاون کے مشکور ہیں۔1320 میگاواٹ کا ساہیوال کول پاور پراجیکٹ مقررہ مدت سے پہلے مکمل ہوگا اور یہ منصوبہ رواں برس کے اوائل میں بجلی کی پیداوار شروع کردے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پر ہونے والی تیز رفتار پیش رفت سے دنیا بھی حیران ہے۔ سی پیک خطے سے دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے اور غربت میں کمی لانے کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قائداعظم اپیرل پارک کے منصوبے کو وقت پر مکمل ہونا چاہیئے۔