رحیم یار خان بلدیاتی انتخابات کالعدم قرار دینے سے متعلق درخواست کی سماعت
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے کا الیکشن کالعدم قرار دینے سے متعلق دائر درخواست کی سماعت کے دوران رحیم یار خان ضلع کونسل سے ن لیگ کے کامیاب چیئرمین سردار اظہرخان لغاری سمیت مقدمہ کے دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے یہ نوٹس پاکستان پیپلز پارٹی کے رحیم یار خان سے امیدوار چیئرمین مخدوم سید علی محمود کی جانب سے دائر درخواست پر جاری کئے ہیں ، چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا خان کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے کا الیکشن کالعدم قرار دینے کے لئے دائر درخواست کی سماعت کی ، اس موقع پر مخدوم سید علی محمود کے وکیل کا دلائل دیتے ہوئے موقف تھا کہ ضلع کونسل کے انتخابات کے دوران آٹھ سے زائد ووٹرز کی پرچیاں مطلوبہ بیلٹ باکس کی بجائے دوسرے بیلٹ باکس سے نکلیں، ان کا کہنا تھا کہ ضلع کونسل رحیم یار خان کے انتخاب کے نتائج میں ردوبدل کیا گیا جو،سیکریسی آف بیلٹ کی خلاف ورزی ہے اس لئے الیکشن کالعدم قرار دے کر دوبارہ انتخابات کا حکم دیا جائے ۔ا لیکشن کمیشن نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت16جنوری تک ملتوی کر دی ۔