کام نہ کرنیوالوں کیلئے میری ٹیم میں کوئی گنجائش نہیں: وزیراعلیٰ سندھ
کراچی (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہسپتالوں کی تعمیر کے پراجیکٹس میں ڈاکٹر کو ڈائریکٹر بنانے اور دیہی علاقوں میں ہسپتالوں کی تعمیر میں سستی کا مظاہرہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ جس نے کام نہیں کرنا اس کیلئے میری ٹیم میں کوئی گنجائش نہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت صحت کے شعبے سے متعلق اجلاس ہوا جس میں ہسپتال کی تعمیر کے پراجیکٹس میں ڈاکٹروں کو ڈائریکٹر بنانے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ڈاکٹر ہسپتال میں کام کریں، پراجیکٹ ڈائریکٹر اور انتظامی عہدوں پر انتظامی افسران اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے کراچی کے دیہی علاقوں میں زیر تعمیر ہسپتالوں کا کام شروع نہ کرنے پر متعلقہ حکام پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ 6 ماہ ہوگئے اس دوران ڈیزائن مکمل نہ ہونا نااہلی کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے حکام کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ میری ٹیم میں نااہل اور سست افسران کیلئے کوئی جگہ نہیں اگر عوامی خدمت کا جذبہ نہیں ہے تو وہ گھر جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کراچی کے دیہی علاقوں میں ہسپتالوں کی تعمیرنو سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے متعلقہ حکام آج صبح 8 بجے طلب کرلیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سلیکشن بورڈ نے صوبے کے 5 محکموں کے 8 نان کیڈر افسران کو گریڈ 19 سے اگلے 20 گریڈ میں ترقیاں دینے کی منظوری دیدی ہے۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری سندھ رضوان میمن سمیت متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔ جن محکموں کے افسروں کو ترقیاں دی گئیں ان میں آبپاشی، زراعت، لائیو سٹاک، پاپولیشن، ورکس سروسز شامل ہے۔