بشیر ہالیپوتہ کو ڈی سیٹ کرنا الیکشن کمیشن کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے: سعید غنی
اسلام آباد(خبر نگارخصو صی ) پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی نے الیکشن کمیشن کی طرف سے پیپلزپارٹی کے ممبر سندھ اسمبلی بشیر ہالیپوتا کو ڈی سیٹ کرنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل الیکشن کمیشن کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہاکہ قانون کا استعمال صرف پاکستان پیپلزپارٹی پر ہوتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر عمران خان اور حمزہ شہباز کو نوٹس جاری کئے مگر یہ نوٹس محض گونگلوﺅں سے مٹی جھاڑنے کے مترادف تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور نیب کو صرف نواز لیگ اور پی ٹی آئی کی زبان سمجھ آتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ الیکشن کمیشن اور نیب نون لیگ اور پی ٹی آئی کے خلاف کوئی کارروائی کرنے سے گریزاں نظر آتے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن اور نیب کا آسان نشانہ صرف پاکستان پیپلزپارٹی ہے۔