;روس امریکہ کیلئے خطرہ نہیں چین شمالی کوریا کو لگام دینے میں ناکام رہا: ٹرمپ
واشنگٹن(اے پی پی+آن لائن) امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس میں آئندہ روسی سفیر کو واشنگٹن ماسکو تعلقات کو معمول پر لانے کا کلیدی عنصر قرار دیا ہے۔ ٹرمپ نے روس میں اس ملک کے سفیر کے کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ماسکو ، واشنگٹن کے لئے خطرہ نہیں ہے بلکہ بینالاقوامی تعلقات کے لئے اصلی خطرہ دہشت گردی ہے اور امریکہ اور روس کو اس کا مقابلہ کرنا چاہئے۔ ٹرمپ نے کہا وہ روس کے صدر پیوٹن سے 1990 کے عشرے میں ہونے والی ملاقات کو چھپانے کی کوشش نہیں کریں گے۔ دریں اثناءنومنتخب امریکی صدر ٹرمپ نے ایک ٹویٹ کے ذریعے شمالی کوریا کے بین البراعظمی جوہری میزائل بنانے کے دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔یاد رہے کہ شمالی کوریا کے رہنما نے سالِ نو کے موقعے پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ بین البراعظمی میزائل کی تیاری 'آخری مراحل' میں ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ 'ایسا نہیں ہو گا۔' ٹرمپ نے ایک اور ٹویٹ کے ذریعے شمالی کوریا کے اتحادی چین کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ شمالی کوریا کو لگام دینے میں ناکام رہا ہے۔'چین امریکہ سے یک طرفہ تجارت کر کے پیسے کما رہا ہے لیکن شمالی کوریا کے معاملے میں کوئی مدد نہیں کر رہا۔ بہت خوب!