لوڈشیڈنگ میں اضافہ، گدو تھرمل پاور پلانٹ کے 5 یونٹ ٹرپ۔ کئی شہروں میں بجلی معصل۔ کاروبار زندگی متاثر
گزشتہ روز اور اس سے قبل بھی بجلی کے بڑے بریک ڈائونز سے معلوم ہوتا ہے کہ ہمارا بجلی کا ترسیلی نظام ہی بوسیدہ ہے چنانچہ وہ اب بجلی کی پیداوار میں اضافہ یا بجلی کی مطلوبہ مقدارعوام تک پہنچانے میں ناکام ثابت ہوا ہے۔ بجلی کی پیداوار میں اضافہ کے باوجود پرانے ناکارہ ترسیلی نظام کی وجہ سے کبھی لائن، کبھی ٹرانسفارمر اور کبھی گرڈ سٹیشن ٹرپ کر جاتے ہیں۔ اب دھند کی وجہ سے گزشتہ روز گدو تھرمل پاور پلانٹ کے 5 یونٹ ٹرپ ہونے سے ملک کے کئی علاقوں میں بجلی کا بڑا بریک ڈائون ہوا۔ مگر متعلقہ وزارت پانی و بجلی کے ذمہ داروں خواجہ محمد آصف اور عابد شیر علی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ انہوں نے اس بارے میں وضاحت کرنا بھی تک مناسب نہیں سمجھا۔ حکومت ایک طرف بجلی کے نئے نئے منصوبوں پر کام کر رہی ہے ایم او یوز پر دستخط کر رہی ہے مگر حالت یہ ہے کہ بجلی کی پیداوار میں معمولی اضافہ بھی ناکارہ بوسیدہ ترسیلی نظام برداشت نہیں کر پاتا۔ اب یہ حکومت اور متعلقہ وزارت کی ذمہ داری ہے کہ وہ فراہمی بجلی کے نظام کو بہتر بنائے۔ اسکی استعداد کار میں اضافہ کرے اور بوسیدہ تاروں اور ٹرانسفارمز کو تبدیل کرے تاکہ مطلوبہ مقدار میں بجلی کی فراہی سے یہ سسٹم ٹرپ نہ ہو اور عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات ملے۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024