فش پلیٹ ٹوٹنے سے پتھر سپلائی کرنیوالی مال گاڑی ٹریک سے اتر گئی
ملتان (نمائندہ خصوصی) تخریب کاری یا سردی کی شدت‘ فش پلیٹ ٹوٹنے کے باعث پتھر سپلائی کرنے والی مال گاڑی کی 9 بوگیاں ریلوے ٹریک سے اتر گئیں‘ ریلوے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ڈیرہ غازی خان اور بستی درویشن لاشاری ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان سوموار منگل کی درمیانی شب سوا 1 بجے کے قریب پیش آیا بتایا جاتا ہے کہ ڈیرہ غازی خان سے پتھر سپیشل ٹرین سیلاب سے متاثرہ ٹریک کی بحالی کے لئے پتھر لے کر کوٹ ادو کے لئے جا رہی تھی۔ 12 ویگنوں پر مشتمل ٹرین جب ڈیرہ غازی خان اور بستی درویش لاشاری کے درمیان پہنچی تو اس کی 9 ویگنیں ریلوے ٹریک سے اتر گئیں جس سے ریلوے ٹریک مکمل طور پر بلاک ہو گیا اور پشاور سے کراچی جانے والی خوشحال خان خٹک ایکسپریس کوٹ ادو مظفرگڑھ شیر شاہ کے راستے روانہ کیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر عابد رزاق‘ ڈویژنل مکینیکل انجینئر شہزاد جاوید موقع پر پہنچ گئے اور ریلیف آپریشن شروع کروا دیا 18 گھنٹے کی کوششوں کے بعد ٹریک کو دوبارہ سے ٹرینوں کی آمد و رفت کے لئے بحال کردیا گیا۔ ابتدائی طور پر ریلوے لائن کی فش پلیٹ ٹوٹنے کو حادثہ کی وجہ بتایا جا رہا ہے ریلوے ذرائع کے مطابق تحقیقات کے بعد واضح ہو گا کہ فش پلیٹ سردی کے باعث سکڑنے کی وجہ سے ٹوٹی ہے یا کسی کی طرف سے تخریبی کارروائی کی گئی ہے۔
مال گاڑی حادثہ