گندے پانی کو ٹھکانے لگانے کا کیس، سندھ حکومت کی درخواست مسترد
کراچی(وقائع نگار)سپریم کورٹ کے حکم پر قائم کئے گئے سندھ میں فراہمی و نکاسی آب سے متعلق کمیشن نے حکومت سندھ کی جانب سے درخواست مسترد کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے ۔منگل کو سپریم کورٹ کی جانب سے بنائے گئے کمیشن نے صوبے بھر میں پینے کے صاف پانی اور نکاسی آب سے متعلق سماعت کی ۔کمیشن کے روبرو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ سرور خان پیش ہوئے ۔سرور خان نے حکومت سندھ کی جانب سے ایک مرتبہ پھر جواب داخل کرنے کے لئے مہلت دیئے جانے کی درخواست دائر کی۔ کمیشن کی جانب سے درخواست کو مسترد کر دیا گیا۔ کمیشن نے حکم دیا کہ ایک ہفتے میں جواب جمع کرائیں جبکہ کمیشن نے تین ماہرین کے نام منظور کر لئے۔ ماہرین میں ادریس راجپوت، ڈاکٹر غلام مرتضی اور نعمان احمد شامل ہیں ۔کمیشن نے عوام الناس کی آگاہی کے لئے بڑے اخبارات میں اشتہارات شائع کرانے کا بھی حکم دیا ۔ کمیشن کی جانب سے فراہمی آب اور نکاسی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے تفصیلات بھی طلب کی گئیں کہ سندھ میں گندے اور زہریلے پانی کو کہاں اور کیسے ٹھکانے لگایا جائے ۔کمیشن کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور ادارہ تحفظ ماحولیات کی کیا آئینی ذمہ داریاں ہیں۔ کمیشن کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی کہ روزانہ کی بنیاد پر نکاسی و فراہمی آب سے متعلق میںسماعت ہوگی۔
گندا پانی کیس