ایکشن پلان پر عمل کا وقت آ گیا‘ دہشت گردوں کو ظلم کا حساب دینا پڑیگا: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرورکے درمیان گذشتہ روز ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی منصوبوں اور مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے پی سی کا متفقہ فیصلہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے تاریخی حیثیت رکھتا ہے، نیشنل ایکشن پلان پر اتفاق رائے سے قومی قیادت نے بالغ نظری کا ثبوت دیا ہے۔ قومی قیادت نے دہشت گردی کو کچلنے کیلئے وزیراعظم محمد نواز شریف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا جو خوش آئند ہے۔ غیر معمولی صورتحال غیر معمولی اقدامات کی متقاضی ہے، اے پی سی کے جرأت مندانہ فیصلے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ آئندہ نسلوں کو محفوظ اور پرامن پاکستان دینے کیلئے اے پی سی میں مثالی اتفاق رائے سے فیصلے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر عمل کا وقت آگیا ہے۔ دہشت گردوں کو اپنے ظلم اور بربریت کا حساب دینا ہوگا۔ پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ سفاک درندوں نے پشاور میں معصوم بچوں کو بدترین بربریت کا نشانہ بنایا جس پرپوری قوم غمزدہ ہے۔ اب پاکستان کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے پاک کرنے کا وقت آن پہنچا ہے اور پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے بیدار اور متحد ہو چکی ہے۔ قوم کے اتحاد اور اتفاق کی قوت سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور قائدؒ اور اقبالؒ کے خوابوں کے مطابق پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ پاکستان کے 18 کروڑ عوام دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے بیدار ہو چکے ہیں اور سیاسی، مذہبی اور فوجی قیادت بھی دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے۔ اتفاق اور یگانگت کا مثالی مظاہرہ کرتے ہوئے وطن عزیز سے دہشت گردوں کو ہمیشہ کیلئے نیست و نابود کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ تقریروں کا وقت گزر چکا ہے، اب صرف فیصلہ کن کارروائی کا وقت ہے جس کیلئے پوری قوم افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستانی قوم میں نیا جذبہ، عزم اور بھرپور قوت موجود ہے اور یہی لمحہ دہشت گردی کے ناسور کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا ہے جس میں صرف جیت ہی واحد آپشن ہے اور انشاء اللہ ہم سب قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ گورنر چودھری محمد سرور نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان پر قومی قیادت کا اتفاق رائے خوش آئند ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے قومی قیادت نے عوام کی توقعات کے مطابق فیصلے کئے ہیں۔