ترکی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کرائے گا،نواز شریف کی درخواست قبول کرلی: بھارتی میڈیا
سرینگر(آن لائن)پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر پر خفیہ ڈپلومیسی کا نیا انکشاف ہوا ہے جس کے تحت ثالثی کے لئے ترکی کو میدان میں اتارا جارہا ہے جبکہ اپنے دورہ پاکستان کے دوران ترکی کے وزیر اعظم نے ثالثی کی درخواست بھی قبول کر لی اور جلد ان کے دورہ بھارت کا بھی امکان ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سب سے قریبی اور اہم دوست ترکی کے وزیر اعظم نے ایک ہفتہ قبل پاکستان کا طویل دورہ کیا اور اس دوران انہوں نے پاکستانی ہم منصب سمیت مختلف سیاسی اور مذہبی لیڈروں سے کھل کربات چیت کی ۔رپورٹ کے مطابق اپنے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم طیب اردگان نے باہمی امور کے علاوہ مسئلہ کشمیر پر بھی تفصیلی بات چیت کی اور نواز شریف نے انہیں پاکستان بھارت تعلقات کے بارے میں آگاہ کیا۔اس موقع پر نواز شریف نے اپنے ترک ہم منصب سے مسئلہ کشمیر پر اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی جو انہوں نے قبول کر لی۔ رپورٹ کے مطابق اب امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس حوالے سے ترکی ’’ڈپلومیسی ‘‘ کا کردار کر کے بھارت سے رابطہ قائم کررہا ہے اور ترک وزیر اعظم جلد اس سلسلے میں بھارت کا دورہ بھی کریں گے ۔رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ترک وزیر اعظم پہلے وزیر خارجہ کو بھارت بھیجنا چاہتے ہیں تا کہ دورے سے متعلق پروگرام تشکیل دیا جائے۔