بادامی باغ: دیرینہ دشمنی پر پیشی کے لئے جاتے باپ بیٹا قتل
لاہور (سٹاف رپورٹر) بادامی باغ میں دیرینہ دشمنی پر 2 افراد نے پیشی پر عدالت جانیوالے باپ، بیٹے کو گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ معلوم ہوا ہے کہ بادامی باغ حسین پارک کا رہا ئشی 40 سالہ جہانگیر خان اپنے بیٹے دستگیر عرف فیصل کے ہمراہ رکشہ میں سوار ہو کر عدالت میں قتل کے ایک مقدمے میں پیش ہونے کے لئے جا رہا تھا کہ بازار بادامی باغ میں مو ٹر سائیکل سوار 2 ملزموں نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے دونوں باپ بیٹا موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ جہانگیر خان کے لواحقین کی درخواست پر مخالف پارٹی کے 2 افراد قیصر اور عمران کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں خاندانوں میں دشمنی چل رہی تھی۔