شام : جھڑپیں 50 افراد ہلاک‘ باغیوں کا بیس پر حملہ‘ لڑاکا طیارہ اور ہیلی کاپٹر تباہ
دمشق، بیروت (بی بی سی نیوز+ ایجنسیاں) شام میں شدید لڑائی جاری ہے۔ دمشق کے مشرق میں قصبے ملیہہ سے 12 نعشیں ملی ہیں جبکہ باغیوں سمیت 50 افراد مارے گئے۔ ادھر حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے کہا ہے شام کی تقسیم کا خدشہ پیدا ہو گیا اور ہم ایسے کسی بھی منصوبے کی مخالفت اور اسے مسترد کرتے ہیں۔ ملک کے شمال میں واقع بعض ہوائی اڈوں کے نزدیک سکیورٹی فورسز اور باغیوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔ ادلب میں تافتناز کے اڈے کو نشانہ بنایا تاہم شامی سکیورٹی فورسز نے باغیوں کے حملہ کو پسپا کر دیا۔باغیوں نے اڈے پر کھڑے ایک جنگی جہاز اور ایک ہیلی کاپٹر کو تباہ کر دیا۔ حکومتی سکیورٹی فورسز نے باغیوں کی جانب سے ہوائی اڈے پر حملہ کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور اس کارروائی میں باغیوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ اے پی پی، کے پی آئی سعودی عرب حکومت کی جانب سے شام کے بے گھر خاندانوں میں 4 ہزار کمبل اور ایک ہزار راشن بیگ تقسیم کئے گئے۔