خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 18فروری تک توسیع
لاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قومی اسمبلی کے پارلیمانی لیڈراور سابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 18فروری تک توسیع کردی۔ جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر جیل انتظامیہ کی جانب خواجہ آصف کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے خواجہ آصف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس کی انکوائری کو انوسیٹی گیشن میں تبدیل کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کے خلاف پہلے کیس انکوائری کے مرحلہ میں تھا۔ عدالت نے خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 18فروری تک توسیع کرتے ہوئے انہیں دوبارہ جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے جیل حکام کو دوبارہ خواجہ آصف کو 18فروری کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے