موجودہ حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے کوشاں ہے‘ اسد قیصر
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے کوشاں ہے‘ ملک کا مثبت تشخص اْجاگر کرنے میں صحافت کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے‘ صحافتی برادری کی فلاح و بہبود اور اْن کی سکیورٹی کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پشاور پریس کلب کے نو منتخب عہداداران پر مشتمل پانچ رکنی وفد سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں صحافی برادری کو درپیش مسائل سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر اسدقیصر نے کہا کہ ملک کا مثبت تشخص اْجاگر کرنے میں صحافت کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ صحافت جمہوریت کا اہم ستون ہے صحافتی برادری نے جمہوریت کی بحالی کے لیے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافتی برادری کے فلاح و بہبود اور اْن کی سیکیورٹی کے لیے اقدامات اْٹھائے جار ہے ہیں۔ پارلیمنٹ کو صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ کا مکمل ادراک ہے۔ حکومت صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون سازی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو معاشی تنگدستی کا سامنا تھا جس سے نکلنے کے لیے مشکل فیصلے کیے۔ کمزور معیشت کی وجہ سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ پڑا ہے جس سے صحافی برادری سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے کوشاں ہے۔ صحافی برادری پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ حکومت کے ملکی مفاد میں کیے گئے فیصلوں کو سراہے۔ موجودہ حکومت کے دور میں خیبر پختونخواہ میں فقیدلاالمثال ترقیاتی کاموں کا اجرا کیا گیا ہے، ملک کی ترقی ،خوشحالی اور عوام کے مفاد میں تمام ملکی سٹیک ہولڈرز کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نومنتخب عہداران کو مبارکباد بھی دی۔ اس موقع پر صدر پریس کلب نے سپیکر قومی اسمبلی کے پارلیمانی سفارتکاری اور ایوان میں ماحول کو خوشگوار بنانے کے کردار کو سراہا۔