یوم یکجہتی کشمیر کل منایا جائیگا، بھارتی مظالم کیخلاف مذمتی ریلیاں نکالی جائینگی
اسلام آباد+ لاہور (صباح نیوز+خصوصی نامہ نگار) یوم یکجہتی کشمیر کل 5 فروری کو ملکی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا اس روز ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی۔بھارتی مظالم کیخلاف ریلیاں نکالی جائیں گی۔ یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں مختلف سیاسی سماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیوں کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جگہ جگہ پرچم لہرائے جائیں گے اسی طرح مختلف تنظیموں کی جانب سے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بناکر کشمیریوں سے اپنی محبت کا اظہار کیا جائیگا کشمیر بنے گا پاکستان اور اسی طرح کے مختلف نعروں سے مزئین بینرز جا بجا آویزاں کردیئے گئے ہیں اس سلسلہ میں مختلف آرٹس کونسل کی جانب سے تصویری نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا ہے اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر کو یہ باور کرانا ہے کہ کشمیر میں ہونیوالے مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی باعث تشویش ہے۔لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق ملک بھر کی شاہرائوں ، گلی کوچوں پر مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے تشہیری مواد آویزاں کیا جارہا ہے، سیمینارز، کانفرنسز، مباحثوں، مذاکروں، جلسے اور جلوسوں کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ جماعت اسلامی ہر سال کی طرح کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے انسانی ہاتھوںکی زنجیر بنائے گی۔ لاہور میں بھی اس حوالے سے تیاریاں عروج پر ہیں، کشمیری پرچم ، بینرز کی تیاری اور خریدو فروخت جاری ہے۔ مال روڈ اس حوالے سے سرگرمیوں کا خصوصی مرکز رہے گا جہاں شہر کے مختلف حصوں سے نکالی جانیوالی ریلیاں جمع ہوکر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں گی۔