وزیراعظم عمران خان ہیلتھ انشورنس پروگرام کے پہلے مرحلے کا افتتاح آج 4 فروری کو سہ پہر 3 بجے کریں گے۔
ہیلتھ انشورنس پروگرام کے پہلے مرحلے میں ملک بھر کے ڈھائی کروڑ مستحق افراد کو صحت انصاف کارڈ جاری ہوں گے۔صحت انصاف کارڈ میں اوپن ہارٹ سرجری، انجیو پلاسٹی، برین سرجری اور کینسر سمیت کئی بڑی بیماریوں کا پانچ سے سات لاکھ روپے تک کا علاج مفت ہوگا جبکہ صوبے بھی اپنا حصہ ڈالیں گے۔
پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں صحت کارڈ تقسیم کیے جائیں گے جب کہ آئندہ ماہ قبائلی علاقوں اور پھر ملک بھر میں صحت کارڈ تقسیم ہوں گے۔کارڈ ہولڈر کو 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک کے اخراجات کی سہولت دستیاب ہوگی جب کہ مریض کو کارڈ کے ذریعے 150 سے زائد سرکاری و نجی اسپتالوں میں علاج کی سہولت میسر ہوگی۔
ستمبر 2018 کو وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی ہیلتھ انشورنس اسکیم کی منظوری دی تھی جس کے تحت مریض پچاس ہزار سے ڈھائی لاکھ روپے تک کا علاج مفت کروا سکتے ہیں۔اس سے قبل خیبر پختونخوا حکومت نے جنوری 2015 میں نادار مریضوں کے مفت علاج کے لیے ہیلتھ انشورنس پروگرام شروع کیا تھا۔ اس وقت صوبے میں تحریک انصاف کی حکومت تھی۔