سانحہ ساہیوال میں جاں بحق کی فیملی اور اہل دیہہ کا بورے والا میں احتجاج
بورے والا (نامہ نگار) سانحہ ساہیوال میں جاں بحق افراد کی فیملی کے ورثا اور اہل دیہہ کا جے آئی ٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، وزیر اعلیٰ سے استعفے اور جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ،کل جوڈیشل کمیشن نہ بنانے کی صورت میں پورے پنجاب میں پہیہ جام،ہڑتال کی دھمکی دیدی،تفصیلات کے مطابق سانحہ ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والی خلیل احمد کی فیملی کے ورثاء نے گزشتہ روز آبائی گاؤں 293 /ای بی میں شہید کے کزن رضوان احمد اور تایا محمد حنیف کی قیادت میں اہل دیہہ کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے جے آئی ٹی کو مسترد کر دیا اور کہا کہ جے آئی ٹی سے انہیں انصاف کی کوئی توقع نہیں اس مقدمہ کی تفتیش کیلئے حکومت فوری طور پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دے اور وزیر اعلیٰ پنجاب استعفیٰ دیں ورنہ 24گھنٹوں بعد ہم پورے پنجاب میں پہیہ جام احتجاج کی کال دیں گے جس میں تمام شہروں کے اندر احتجاجی دھرنے دیئے جائیں گے۔ مظاہرے میں شریک کالج کے طلباء کا کہنا تھا کہ ہم تمام کالجز کے طلباء کو بھی اس احتجاج میں شرکت کی کال دیں گے اور انصاف کے حصول تک احتجاج جاری رکھیں گے شہید خلیل احمد کی بہنوں کا کہنا تھا کہ عمران خان جو مدینہ کی ریاست قائم کرنے کے دعوے کرتے تھے کہاں ہے مدینہ کی ریاست کیا، ہمیں ہمارا بھائی،باپ کو بیٹا،بہو اور پوتی کون دے گا معصوم بچے اب کس کے ہاتھ پر اپنے امی ابو اور بہن کا لہو تلاش کریں گے ہمیں اگر انصاف نہ دیا گیا تو ہم مردوں کے ساتھ سڑکوں پر انصاف کیلئے نکلیں گی۔