عوام کو ماہی گیری کے بارے میں معلومات کی فراہمی کے لئے تین روزہ خصوصی تربیتی کورس 12 فروری سے شروع ہوگا
راولپنڈی ( اپنے سٹاف رپورٹر سے ) عوام کو ماہی گیری کے بارے میں معلومات کی فراہمی کے لئے تین روزہ خصوصی تربیتی کورس 12 سے 14-فروری تک فشریز ٹریننگ سب سنٹر راول ٹاؤن اسلام آباد میں منعقد ہوگا- اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز ثناء عروج کے مطابق فش فارم مینجمنٹ کورس کے دوران روزانہ صبح 9 بجے سے دن دو بجے تک منعقد ہونے والے سیشنز کے دوران شرکاء کو فش فارمنگ کے نفع بخش کاروبار کے بارے میں ضروری معلومات فراہم کی جائیں گی- انہوں نے بتایا کہ کورس میں شرکت کی کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی اور دوسرے شہروں سے کورس میں شرکت کے لئے آنے والوں کو ہاسٹل کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی- ثناء عروج نے بتایا کہ کورس کے انعقاد کا مقصد ماہی پروری کے شعبے کے فروغ کے لئے حکومت پنجاب کی طرف سے فراہم کی گئی سہولیات سے عوام کومستفید کرنا ہے تاکہ وہ اپنے فش فارم قائم کرکے نہ صرف خودروزگار حاصل کریں بلکہ دوسروں کے لئے بھی روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں -