شہر اور کینٹ کے مصروف علاقوں میں ہفتہ کے روز ٹریفک جام
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) ہفتہ کے روز شہر اور کینٹ کے مصروف علاقے ٹریفک جام کی زد میں رہے جس کی وجہ سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔صدر میں آدم جی روڈ‘ کشمیر روڈ‘ کامران مارکیٹ‘ گوالمنڈی روڈ‘ مصریال روڈ‘ شہر میں ڈھوک منگٹال کیرج فیکٹری روڈ‘ پیرودھائی‘ آئی جے پی روڈ‘ لیاقت باغ مری روڈ پر ٹریفک وقفے وقفے سے جام رہی۔ ہفتے کے روز ٹریفک جام معمول بن چکا ہے جہاں ایک طرف ٹریفک وارڈنز کی نفری کی کمی کو ٹریفک جام کا جواز بنایا جاتا ہے وہاں مختلف سڑکوں بازاروں میں تجاوزات اور گاڑیوں کی غلط پارکنگ بھی ٹریفک جام کا باعث بنتی ہے۔ آدم جی روڈ پر جب ٹریفک جام ہوتی ہے تو واران مسجد چوک میں تعینات ٹریفک وارڈنز اس سے لاتعلق رہتے ہیں مصریال روڈ‘ ڈھوک منگٹال میلاد چوک‘ ہاتھی چوک صدر میں سرے سے ٹریفک وارڈنز تعینات نہیں ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کو رواں رکھنے کے لئے شہری خود اپنی مدد آپ سے کام لینے پر مجبور ہیں۔ عوامی حلقوں نے ٹریفک وارڈنز کی نفری میں مطلوبہ اضافے‘ تجاوزات اور غلط پارکنگ کے سدباب کے لئے مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔